جمعرات، 4 ستمبر، 2014

آؤ مل کر قدرت کے راز کھوجیں!

کیا آپ نے کبھی آرٹسٹوں کو دیکھا ہے؟ ایسی ایسی چیزوں میں خوبصورتی ڈھونڈ نکالتے ہیں کہ انسان دنگ رہ جاتا ہے۔ کسی بھی آرٹسٹ کے ساتھ کچھ وقت گزارنے پر آپ کو محسوس ہوگا کہ یہ لوگ اس حسن کو صرف خود ہی محسوس کر کے مطمئن نہیں رہ پاتے بلکہ وہ اسے سب کے ساتھ بانٹنا چاہتے ہیں۔ ان کی یہی کاوش فن پاروں کی تشکیل کا باعث بنتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ  آج ہمارے پاس وان گوف کی تصاویر سے لے کر جوہان باخ کی دھنیں تک موجود ہیں۔
 ایک سائنس دان بھی کسی  آرٹسٹ سے زیادہ مختلف نہیں ہوتا۔ اس کو بھی قدرت کے مظاہر میں، اس کے رازوں میں، جمال و رعنائی نظر آتی ہے۔ ان رازوں کو کھوجنا اس کے لیے ایک دلچسپ کھیل ہوتا ہے،کیونکہ  رازوں کے اس پار مزید رعنائیاں اس کی منتظر ہوتی ہیں۔ پھر اپنی فطرت سے مجبور ہو کر وہ ان رعنائیوں کو سب کے ساتھ بانٹنا چاہتا ہے۔ اس طرح کتابیں اور تحقیقی مقالے وجود میں آتے ہیں۔ پھر وہ مزید ایسے لوگوں کی تلاش کرتا ہے جو اس منفرد خوبصورتی کی طرف، اسی کی طرح مائل ہوتے ہوں۔ چنانچہ سائنسی انجمنیں اور فورمز وجود میں آتے ہیں۔ 
تجسس سائنس فورم بھی اسی طرح کی ایک کوشش ہے۔ یہ ان لوگوں کے لیے ایک اجتماع گاہ ہے جو قدرت کی خوبصورتی کی قدر کرتے ہیں اور اس کے رازوں کو کھوجنے میں لطف اٹھاتے ہیں۔ 
یوں تو ایسی اجتماع گاہیں اور بھی کئی موجود ہیں لیکن وہاں زبان کی رکاوٹ آڑے آ جایا کرتی ہے۔ جس طرح غالب کی شاعری ہم میں سے اکثر کو انگریزی میں لطف نہیں دے پاتی، اسی طرح سائنس کا ایک اجنبی زبان میں مطالعہ بھی ہمارے لیے قدرت کے حسن کو حقیقتاً قریب سے سمجھنے میں حائل ہو جاتا ہے۔ جب آپ کسی چیز کی خوبصورتی کو ہی نہ سمجھ پائیں تو اس کی جستجو میں ستاروں سے آگے نکلنے کی خواہش کیسے پیدا کر پائیں گے، بے شک اس میں آپ کو معاشی فائدہ یا وہ سب نظر آ رہا ہو جیسا کہ سائنس کی افادیت کے متعلق کسی روایتی مضمون میں آپ کو بتایا جاتا ہے۔ یہ بھی ایک وجہ ہے کہ ہمیں اردو زبان میں سائنسی گفتگو کے لیے ایک مخصوص اجتماع گاہ بنانے کی ضرورت محسوس ہوئی۔ 
تو آئیے! ہم آپ کو دعوت دیتے ہیں کہ تجسس سائنس فورم کے رکن بنیں اور قدرت کی خوبصورتی کو جاننے اور اس کے راز کھوجنے کے اس عمل میں ہمارے ساتھ شریک ہوں۔ کہیے، کیا خیال ہے؟

7 تبصرے:

  1. یہ تبصرہ مصنف کی طرف سے ہٹا دیا گیا ہے۔

    جواب دیںحذف کریں
  2. ایک سائنسدان کی بہت خوب صورت تحریر۔
    آپ کے تجسس فورم کے لیے دعا گو ہوں کہ اسے لکھنے والے میسر آئیں۔ یہ ایک ایسا پروجیکٹ ہے جس سے امیدیں وابستہ کی جاسکتی ہیں اگر بھرپور طور پرفعال ہوجائے۔
    اس کی فعالیت کے لیے تجاویز پیش بھی کریں اور طلب بھی کریں۔

    جواب دیںحذف کریں
    جوابات
    1. عامر صاحب۔۔۔۔ اس کی فعالیت کے لئے ہم نے کچھ "اغراض و مقاصد" طے کئے ہیں۔ یہ آپ اس تعارف کے دوسرے میں، میرے بلاگ پہ یہاں ملاحظہ فرما سکتے ہیں۔
      آپ کی رائے کا انتظار رہے گا۔

      http://mbilal-azam.blogspot.com/2014/09/blog-post.html

      حذف کریں
  3. جوابات
    1. نین بھیا۔۔۔۔ اس کی فعالیت کے لئے ہم نے کچھ "اغراض و مقاصد" طے کئے ہیں۔ یہ آپ اس تعارف کے دوسرے میں، میرے بلاگ پہ یہاں ملاحظہ فرما سکتے ہیں۔
      آپ کی رائے کا انتظار رہے گا۔

      http://mbilal-azam.blogspot.com/2014/09/blog-post.html

      حذف کریں
    2. نین بھیا۔۔۔۔ اس کی فعالیت کے لئے ہم نے کچھ "اغراض و مقاصد" طے کئے ہیں۔ یہ آپ اس تعارف کے دوسرے میں، میرے بلاگ پہ یہاں ملاحظہ فرما سکتے ہیں۔
      آپ کی رائے کا انتظار رہے گا۔

      http://mbilal-azam.blogspot.com/2014/09/blog-post.html

      حذف کریں